191

ٹورازم کارپوریشن کارنگِ بہار ایونٹ منعقد کرنیکافیصلہ

پشاور۔بہار کی آمد کیساتھ ہی ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے مبالی آئی لینڈ کے تعاون سے خانپور ڈیم پر صوبہ کی نوجوان نسل اور فیمیلز کیلئے رنگِ بہار کے نام سے مختلف ایڈونچر ایونٹس ، ثقافتی کھانے ، موسیقی ، ہائیکنگ ،زِپ لائننگ اور ٹریکنگ سمیت کئی سرگرمیاں 25مارچ کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ سیاحت ،کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امورنوجوانان محمد طارق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت بابر خان، منیجنگ ڈائریکٹرٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان، انچارج مارکیٹنگ حسینہ شوکت اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

اجلاس میں انچارج مارکیٹنگ حسینہ شوکت نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ صوبہ کے نوجوانوں اورفیمیلز کیلئے ایک ہی دن میں ایک ہی مقام مبالی آئی لینڈ خانپور ڈیم پرہائیکنگ ، ٹریکنگ، جیٹ سکی، ویک ٹیوب، فیملی کشتی رانی، پتنگ بازی، شوٹنگ، آرچری، موسیقی ، ساحلی والی بال، رسہ کشی، ٹریجر ہنٹ،زِپ لائننگ سمیت مختلف سرگرمیاں فراہم کی جائینگی۔

ایونٹ میں شرکت کیلئے پشاور سے خانپوراور واپس پشاور تک ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے فراہم کی جائیگی،ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کوصوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے ساتھ لیکر چلیں اور اس ایونٹ کے انعقاد میں پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ منسلک کیا ہے جبکہ خانپور ڈیم کے اس مقام کو سیاحت کیلئے بھی آباد کرنا اولین ترجیح ہے۔