خیبرپختونخوا کے تین بیوروکریٹس کو گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات مہنگی پڑ گئی، تینوں افسران کو عہدوں سے فارغ کرکے او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ فیصل کریم کنڈی غلطی سے گورنر بن گئے ہیں، اپنا کردار ادا نہیں کر رہے، سیاسی بیان بازی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے افسران کی گورنر سے ملاقات پر ناراضی کا اظہار کیا اور تینوں افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے تینوں افسران کے او ایس ڈی بنائے جانے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
او ایس ڈی بنائے جانے والوں میں اسپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، ڈپٹی سیکرٹری وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور اسٹیبلشمنٹ سیکشن آفیسرز شامل ہیں۔
تینوں افسران کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔
اس کے علاوہ میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ’فیصل کریم کنڈی غلطی سے گورنر بن گئے ہیں، گورنر اپنا کردار ادا نہیں کر رہے، سیاسی بیان بازی کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’میں نے پیغام بھیجا کہ آپ پیپلزپارٹی کے انفارمیشن سیکرٹری نہیں، کنڈی کی اتنی حیثیت نہیں کہ ان سےجیلسی ہو۔ گورنر کو ہمارا بل پاس کرنا پڑے گا۔‘
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہماری شجرکاری مہم جاری ہے،عوام بھی اس میں حصہ لیں، نگراں حکومت میں جنگلات کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔