13

ترک کمپنی کا اسرائیلی فوج کو بجلی دینے سے انکار

انقرہ: تنقید کے بعد ترک کمپنی نے اسرائیلی فوج کو بجلی دینے سے انکار کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کے نزدیک سمجھے جانے والوں کی ملکیت والے زورلو گروپ نے اسرائلی فوجی اڈوں کو بجلی فراہم کرنے کے معاہدے سے نکلنے کا اعلان کر دیا۔

یہ بجلی اسرائیلی وزارتِ دفاع اور دوراد انرجی کے درمیان معاہدے کے تحت فراہم کی جاتی ہے۔ دوراد گروپ جزوی طور پر ترکی کے زورلو گروپ کی ملکیت ہے۔

کارپوریشن نے اعلان کیا کہ وہ بجلی گھر میں اپنی ہولڈنگز اور اسرائیل میں تمام ہولڈنگز کی تحلیل کا ارادہ رکھتی ہے۔

ترکوں کی ملکیت والے ادارے کی طرف سے اسرائیلی فوجی اڈوں کو بجلی فراہم کرنے والے سیٹ اپ میں شمولیت کے انکشاف کے بعد متعلقہ سرمایہ کاروں کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔

معروف ترک اخبار ایڈیلنک نے اس حوالے سے خبرشائع کی تھی۔ بی ڈی ایس کے کارکنوں نے اس پر شدید احتجاج کیا تھا۔ دو دن قبل ترک بزنس مین احمد نزیف زورلو کے گھر کے نزدیک کئی مظاہرے ہوئے ہیں۔ کمپنی کے دفتر پر بھی احتجاج کیا گیا ہے۔

ترکی کا زورلو گروپ ٹیکسٹائل فیکٹریوں، گھریلو آلات تیار کرنے والے پلانٹس، توانائی کے اداروں، بنیادی ڈھانچے، ریئل اسٹیٹ، مالیاتی خدمات اور بڑے شاپنگ سینٹرز کا مالک ہے۔ اس حوالے سے اسرائیلی اخبار دی یروشلم پوسٹ میں شائع ہونے والے مضمون کو ایکس پر 10 لاکھ سے زائد افراد نے پڑھا اور بہت سوں نے شدید نکتہ چینی کی۔