کراچی: ملکی ائیرپورٹس پر پرندوں کی بھرمار ہوگئی ہے جس کے باعث طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
پی آئی اے کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کو پرندوں کے طیاروں سے ٹکرانے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ رواں سال جنوری سے جون تک پی آئی اے کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 38 واقعات ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات لاہور ائیرپورٹ پر ہوئے ہیں، 6 ماہ میں لاہور ائیرپورٹ پر 14، کراچی ائیر پورٹ پر 8 طیاروں سے پرندے ٹکرائے، رواں سال 6 ماہ میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر طیارے سے پرندے ٹکرانے کے 7 واقعات رپورٹ ہوئے۔
پی آئی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملتان ائیرپورٹ پر 4، سکھر، فیصل آباد اور گلگت ائیرپورٹ پر ایک ایک واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران پیش آئے ہیں، پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ کچرے اور ان پر منڈلاتے پرندوں کی تعداد بڑھنے سے ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے باعث پی آئی اے کو کروڑوں روپے کے اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑا، پرندوں کو ائیرپورٹس سے دور رکھنا سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ذمہ داری ہے، سول ایوی ایشن نے تاحال ائیرپورٹس سے پرندوں کو بھگانے کا سسٹم نصب نہیں کیا۔