17

بلوچستان حکومت کا شہریوں کو مفت پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کو مفت پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور نادرا حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
افتتاحی تقریب کے بعد وزیر اعلی بلوچستان نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔

انہوں نے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے اجرا کے افتتاح کے موقع پرکہا کہ ہم نے لوگوں کی آسانی کےلئے پاسپورٹس آفس سےمعاہدہ کیاہے،اب شہری کے پاسپورٹ کی فیس حکومت ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ چمن کے شہریوں کو مفت پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے اور پاسپورٹ کی 16 ہزار فیس حکومت ادا کرے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جن کے پاس بلوچستان کا ڈومیسائل ہوگا انہیں اسلحہ لائسنس ملے گا ، ڈیجیٹل اسلحہ لائسنس کو پورے بلوچستان میں عام کریں گے۔

وزیراعلی بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے بلوچ یکجہتی کمیٹی کےساتھ مذاکرات پہلے روز سے جاری ہیں، بلوچستان کے 4 اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں، 4 میں ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ ڈیرہ بگٹی کبھی بھی نو گو ایر یا نہیں رہا ۔