تہران: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ تہران میں اسرائیلی میزائل حملے میں شہید ہوگئے، حملے میں اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی اسرائیلی حملے پر شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لیں گے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ بزدلانہ حملے کاحساب دینا پڑے گا، ایران اپنی علاقائی سالمیت اورعزت کا دفاع کریگا، دہشت گرد حملہ آور اپنے بزدلانہ اقدام پر پچھتاوا کریں گے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران قابل فخر ساتھی اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر افسردہ ہے، کل اسماعیل ہنیہ کیساتھ فتح کانشان بلند کیا آج انہیں کندھوں پر اٹھانا پڑ رہا ہے، ایران اور فلسطین کے درمیان رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگا۔
اس سے قبل حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی صدر محمود عباس کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل بزدلانہ عمل ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل خطرناک پیشرفت ہے، دوسری جانب فلسطینی تنظیموں نے مغربی کنارے میں ہڑتال اور بڑے پیمانے پر مظاہروں کی کال دیدی۔
اس حوالے سے ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو شمالی تہران میں میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا، حماس رہنما کو رات کے 2 بجے نشانہ بنایا گیا، ہنیہ تہران میں سابق فوجیوں کے خصوصی ہیڈ کوارٹر میں مقیم تھے۔