13

کسٹمز میں پکڑے گئے موبائل مارکیٹ میں فروخت ہونے کا انکشاف

 اسلام آباد: نیو اسلام اباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم کی جانب سے تحویل میں لیے جانے والے بیش قیمت موبائل فونز تلف کیے جانے کی بجائے عام مارکیٹ میں آپریٹ ہونے کا انکشاف ، وفاقی ٹیکس محتسب نےنوٹس و تحقیقات میں الزام ثابت ہونے کے باوجود کسٹمز کے ملوث افسران اور عملے کے خلاف ایکشن نہ لینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کسٹمز حکام کو ملوث عملے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کی آخری تنبیہ کردی۔ 

 

وفاقی ٹیکس محتسب نے ایئرپورٹ پر کسٹمز کی جانب سے تحویل میں لیے جانے والے کروڑوں روپے مالیت کے جدید موبائل فونز میں سے 22 فونز کے تلف نہ کیے جانے اور مارکیٹ میں آپریشنل ہونے کی شکایات پر نوٹس لیا۔ اس حوالے سے ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکڑ ارسلان سبگتگین نے تحقیقات کیں تو ایئرپورٹ پر 42 آئی فون 14 پرومیکس ضبط کیے جانے کی تصدیق ہوئی ۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ 42 بیش قیمت فونز میں سے 22 آئی فون پرو میکس 14 کو تلف نہیں کیا گیا جبکہ ریکارڈ میں ظاہر کیا گیا کہ تمام فون تلف کردیے گئے۔  اسی طرح پی ٹی اے نے بھی کسٹمز کی جانب سے قبضے میں لیے جانے والے 22 بیش قیمت فونز کے آپریشنل ہونے کی تصدیق کی۔

تحقیقات کی روشنی میں وفاقی ٹیکس محتسب اور حکام نے کلیکٹریٹ آف کسٹم اوراسلام آباد ایئرپورٹ کے ملوث افسران و عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی لیکن متعلقہ حکام نے سفارشات پر عملدرآمد نہ کیا جس پر وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ نے معاملے کا سخت نوٹس لے کر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف بی آر کو اسکینڈل میں ملوث کسٹمز افسران و عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کردیے۔

 

ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکڑ ارسلان سبگتگین کی جانب سے سیکرٹری ریونیو ڈویڑن ممبر کسٹمز (آپس)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، اسلام آباد اور کلکٹر، کلکٹریٹ آف کسٹمز، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ارسال کیے گئے مراسلے میں اتھارٹیز سے کہا گیا ہے کہ انکوائری آفیسر کی سفارشات اور وفاقی ٹیکس محتسب کے احکامات پر عملدرآمد کے لیے آخری موقع دیا جارہا ہے،  30 دن میں عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔