9

شاہراہ کاغان کی بندش ، ناران اور بالائی وادی کاغان میں 10 سے 15 ہزار سیاح محصور

شاہراہ کاغان کی بندش کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد ناران اور بالائی وادی کاغان میں محصور ہو گئی، کے ڈی اے حکام کے مطابق 10 سے 15 ہزار سیاح موجود ہیں۔

کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ وادی کاغان میں سڑک کی بندش سے پھنس جانے والے سیاحوں سے رہائش اور کھانے پینے کیلئے کوئی اوور چارجز نہیں وصول نہیں کئے جائیں گے۔

کے ڈی اے سٹاف اور ٹورازم پولیس ناران میں سیاحوں کی خدمات کیلئے موجود ہیں، حکام کے مطابق بجٹ ختم ہونے والے سیاحوں کو مفت رہائش وکھانا فراہم کیا جائے گا۔

سڑک کی بحالی کیلئے این ایچ اے ودیگر محکمے کام کر رہے ہیں، حکام نے بتایا کہ ناران میں پیٹرول اور غذائی اشیاء کی وافر مقدار موجود ہے، کے ڈی اے حکام ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی پریشانی کی صورت سیاح ناران میں موجود ٹورازم پولیس اور کے ڈی اے دفتر سے رجوع کریں۔

ایبٹ آباد بکوٹ نتھیاگلی روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے، دور افتادہ بکوٹ روڈ بند ہونے کے باعث لاکھوں کی آبادی کا شہر سے رابطہ کٹ گیا ہے، مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت روڈ کھولنے میں مصروف ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی ہے اور کئی شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند ہیں،سیلاب کی وجہ سے چترال لوئر میں بونی اور گرم چشمہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔کالام خوڑ پر پل پانی میں بہنے سے کالام اور بحرین کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

دریائے کنہار میں شدید طغیانی کی وجہ سے مہانڈری پل ٹوٹ گیا، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ اوردریائے کنہار میں طغیانی کے باعث ناران بالاکوٹ روڈ ٹریفک کیلئے بند ہے۔