14

روسی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ پائلٹ ہلاک

 ماسکو: روسی فوج کا ایم آئی 28 فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ جنوب مغرب کے ایک غیر آباد علاقے میں پیش آیا جو یوکرین کی سرحد سے 150 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

کریملن کے حامی میڈیا کی غیر تصدیق شدہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر نے مغربی سرحدی علاقے برائنسک میں ایک “ڈرون ہنٹر” کے طور پر کام کیا اور مشن سے واپسی پر گر کر تباہ ہوگیا۔


ہیلی کاپٹر حادثے میں دہشت گردی کے عنصر یا یوکرینی حملے کے شواہد نہیں ملے۔ ابتدائی تحقیقات میں تکنیکی خرابی وجہ سامنے آئی ہے تاہم ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

ہیلی کاپٹر نے معمول کی تربیتی پرواز کے لیے اُڑان بھری تھی اور جنگلات میں گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا۔

روسی فوج کی جانب سے تاحال ہلاک ہونے والے پائلٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔