14

پی آئی اے کا حج آپریشن ختم، 143پروازوں سے 34 ہزار حاجیوں کی وطن واپسی

  کراچی: پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 2024ء ختم ہوگیا، کل 143پروازیں آپریٹ کی گئیں جن کے ذریعے 34 ہزار 663 حجاج کرام فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے۔

 

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا 9 مئی کو شروع ہونا والا حج آپریشن 21 جولائی کو مکمل ہوگیا، پی آئی اے کا قبل ازحج آپریشن 9 مئی سے شروع ہوا اور 11 جون تک جاری رہا، بعد ازحج آپریشن 20 جون سے شروع ہوا اور 21 جولائی کواختتام پذیرہوا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق بعد از حج آپریشن میں کل 143 پروازیں آپریٹ کی گئیں جس میں جدّہ کے لیے 61 اور مدینہ کے لیے 82 پروازیں آپریٹ ہوئیں، ان پروازوں کے ذریعے سے تقریبا 34,663 حجاج کرام مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے، ان میں 19278 سرکاری عازمین حج، 14754 پرائیویٹ عازمین حج، اور 631 خدام نے حج کی سعادت حاصل کی۔

حج آپریشن میں پی آئی اے کے شیڈول کی باقاعدگی شاندار رہی، حجاج کرام کیلئے سٹی چیک ان کا بندوبست بھی کیا گیا تھا جس سے ان کو کئی گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچنے کی زحمت نہیں ہوئی۔

سی ای او پی آئی اے نے حج آپریشن میں شامل ٹیموں کی کارکردگی کوسراہا، مشکل حالات کے باوجود حج آپریشن اعلیٰ طریقے سے منظم کیا گیا۔ سی ای او پی آئی اے نے پاکستان اور سعودی عرب میں موجود ٹیموں کی کارکردگی قابل ستائش قرار دے دی۔

ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کرام کیلئے سٹی چیک ان کا بندوبست بھی کیا گیا تھا جس سے ان کو کئی گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچنے کی زحمت نہیں ہوئی، مشکل حالات کے باوجود حج آپریشن اعلی طریقے سے منظم کیا گیا۔