16

ایسا الیکٹرک طیارہ جو سنگل چارج پر 500 میل تک سفر کرسکے گا

دنیا بھر میں فضائی آلودگی کی روک تھام کے لیے الیکٹرک طیاروں کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ فضا آلودہ کرنے والی گیسوں کے اخراج میں کمی آسکے۔

مگر زمین پر دوڑنے والی گاڑیوں کے برعکس مکمل الیکٹرک طیارے تیار کرنا آسان نہیں کیونکہ ابھی بیٹریوں کی ٹیکنالوجی اتنی زیادہ جدید نہیں۔

مگر نیدرلینڈز کی ایک کمپنی ایلیسن مکمل الیکٹرک طیارے کی تیاری کو حقیقت کی شکل دینا چاہتی ہے۔

اس کمپنی کی جانب سے ایسا الیکٹرک طیارہ تیار کرنے پر کام کیا جا رہا ہے جو سنگل چارج پر 500 میل تک سفر کرسکے گا۔

اس طیارے میں ایک وقت میں 90 افراد سفر کرسکیں گے جبکہ وہ ماحول دوست ہوگا کیونکہ اس سے گیسوں کے اخراج میں 90 فیصد کمی آئے گی۔

کمپنی کو توقع ہے کہ یہ طیارہ ایک دہائی کے اندر فضاؤں میں اڑتا نظر آئے گا۔

کمپنی کے ڈائریکٹر رینارڈ ڈی ورائز نے کہا کہ زیادہ تر ماہرین کا ماننا ہے کہ الیکٹرک طیاروں کے لیے درکار بیٹری ٹیکنالوجی کی تیاری کئی دہائیوں تک ممکن نہیں۔

ایسا الیکٹرک طیارہ جو سنگل چارج پر 500 میل تک سفر کرسکے گا

ابھی یہ طیارہ کاغذوں تک محدود ہے / فوٹو بشکریہ ایلیسن

 

اس طیارے کو ای 9 ایکس کا نام دیا گیا ہے اور فی الحال کاغذوں تک محدود ہے۔

ایلیسن کی جانب سے اس کا ایک ابتدائی ماڈل 2 سے 3 برسوں میں تیار کیا جائے گا جبکہ مکمل پروٹوٹائپ ماڈل 2030 تک تیار ہوگا۔

اس طیارے کا ڈیزائن کافی منفرد ہوگا جبکہ اس کے اندر 8 انجن نصب ہوں گے جبکہ اس کے ونگ 138 فٹ لمبے ہوں گے۔

اس طیارے کا ڈیزائن نیدرلینڈز کی ڈیفلٹ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے تیار کیا ہے۔

اس طیارے کی بیٹریاں ونگز میں نصب کی جائیں گی تاکہ اس کا وزن متوازن رہ سکے۔

کمپنی کے مطابق ہماری کوشش ہے کہ ایسا طیارہ تیار کریں جو 30 سے 45 منٹ میں مکمل چارج ہو جائے۔