19

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزدوروں کو 1200 سے زائد فلیٹس مفت دینے کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے  ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کےلیے 1224 فلیٹ مفت دینے کا اعلان کردیا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اس دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گزشتہ دور حکومت میں 29 ہزار ورکرز کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا نہیں کی گئی جس پر مریم نواز نے مزدوروں کےلیے 6 ارب روپے کی واجبات الادا، ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس میں گارمنٹ سٹی میں خواتین ورکرز کےلیے 2 ہاسٹل بنانے کی منظوری  دی اور شیخوپورہ میں 704 خواتین ورکرز کو مفت رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جب کہ  ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کےلیے 1224 فلیٹس مفت دینے کا اعلان بھی کیا۔ 

مریم نواز نے محکمہ لیبرمیں اصلاحات، آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ اور کم ازکم اجرت کے قوانین پر عملدرآمد کا حکم بھی دیا۔ 

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر مزدور کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت نے رواں بجٹ میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی ہے، اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کم از کم اجرت نافذ کی جائے۔