182

جنوبی کوریا میں 8منزلہ عمارت میں آتشزدگی


سیؤل۔ جنوبی کوریا میں 8 منزلہ عمارت میں لگی خوفناک آگ کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ حکام کی طرف سے ہلاکتوں میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جمعرات کے روز جنوبی کوریا کے شہر جے شیون میں واقع عمارت کے بیسمنٹ میں پارکنگ لاٹ سے آگ پھیلنا شروع ہوئی۔

پارکنگ میں کھڑی ایک گاڑی میں آگ بھڑکی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس عمارت میں فٹنس سینٹر اور گرم حمام (Sauna) موجود تھا۔ حمام سے 16 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ دیگر لاشیں عمارت کے دوسرے حصوں سے برآمد ہوئیں۔آگ اس قدر خوفناک تھی کہ اس کے شعلے 100 میل دور سے بھی دکھائی دے رہے تھے اور پورا علاقہ دھویں کے بادلوں میں گھرا ہوا تھا۔عمارت کی چھت اور مختلف منزلوں پر لوگ پھنسے ہوئے تھے جنہیں بچانے کی کوششیں کی جارہی تھیں تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران ہی 23 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔ریسکیو آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 500 گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ فضائی معاونت کے لیے تین ہیلی کاپٹرز بھی گشت کرتے رہے تاہم ا بھی تک یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ آگ لگنے کی وجہ کیا تھی، واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔