63

اسلام آباد: سیکیورٹی خدشات کے باعث تحریک انصاف کے جلسے کی اجازت منسوخ

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو دی گئی جلسے کی اجازت منسوخ کردی۔

 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو پشاور روڈ ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دی گئی تھی تاہم اب انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات اور دہشت گردی کے سبب اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے۔

 

چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدرات محرم الحرام اور دیگر سیکورٹی خدشات کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئےاعلی سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی جبکہ سیاسی جماعت کا کوئی بھی نمائندہ دعوت کے باوجود اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔

 

اجلاس میں جلسے سے متعلق درخواستوں کو بھی جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی جانے والی اجازت کا موجودہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں از سر نو جائزہ لیا گیا۔

 

چیف کمشنر اسلام آباد نے درخواستوں، سیکیورٹی کی موجودہ صورت حال، محرم الحرام کی آمد اور سیکورٹی خدشات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارشات کی روشنی میں جلسے کا NOC معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

 

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جلسے کے این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے، اسلام اباد میں امن عامہ کو برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔