44

باجوڑ میں دھماکہ، سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق

باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئےہیں۔

پولیس حکام کے مطابق سابق سینیٹرہدایت اللہ کی گاڑی کے قریب بم حملہ ہوا، دھماکے میں سینیٹرہدایت اللہ سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے  دہشت گردی کے واقعے کی سخت مذمت کی اورجاں بحق افراد کے ورثاء کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ،صدر مملکت نے  جاں بحق افراد کیلئے مغفرت، ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی ،انہوں نے سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور کہا سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر 2 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ ہوا۔دہشت گردی کے خلاف ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں،شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے  دہشت گردی کے حملے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی شہادت پر رنج  اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے لواحقین سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی بم دھماکے میں انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا ہے،یہ افسوسناک واقعہ انتہائی دکھ اور تشویش کا باعث ہے۔

سینیٹر ہدایت اللہ کے خاندان سے دلی ہمدردی ہے،سینیٹر ہدایت اللہ نے ایوان میں ہمیشہ سابق فاٹا کے مسائل کو اجاگر کیا،قبائلی علاقوں کو ایک مضبوط آواز سے محروم کیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی سینیٹر ہدایت اللہ کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی میں کھڑی ہے،ہم دہشت گردی کے خاتمے اور انصاف کے مطالبے میں ان کے ساتھ ہیں۔