نئی دہلی: بھارت، بنگلا دیش، انڈونیشیا، سری لنکا سمیت مختلف ممالک میں بھی ذو الحجہ 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان ہوگیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر میں مفتی اعظم نے عید الاضحیٰ کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا اس کے علاوہ جامع مسجد دہلی نے بھی چاند نظر آنے کی تصدیق کی۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں قائم مرکزی مسجد کی جانب سے جاری اعلامیے میں بھی ذو الحجہ 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا۔ بھارت کے شہر لکھنؤ کی شیعہ چاند کمیٹی نے بھی ذو الحجہ کے چاند کا اعلان کیا۔
بنگلا دیش کی سرکاری کمیٹی نے ذو الحجہ کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا جبکہ امارات اسلامیہ (افغانستان) کی سرکاری کمیٹی نے بھی چاند کی تصدیق کی۔
مذکورہ ممالک میں یکم ذو الحجہ 8 جون جبکہ عید الاضحیٰ 17 جون کو مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی جس میں مسلمان رب کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اپنے جانور ذبیحہ کریں گے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، کینیا، مصر، عمان سمیت دیگر ممالک میں ذو الحجہ 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان ممالک میں عید الاضحیٰ 16 جون کو منائی جائے گی۔