48

اللہ کے مہمانوں کی خدمت؛ گرمی میں کمی کیلیے عرفات کی سڑکوں پر سفید رنگ

ریاض: سعودی حکومت حج انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے اور اس برس حاجیوں کو شدت گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے شیلٹرز کے علاوہ سڑکوں پر سفید رنگ کا پینٹ بھی کیا جا رہا ہے۔ 

 

سعودی میڈیا کے مطابق عرفات میں جھلسا دینے والی دھوپ کو جذب کرنے والا سفید رنگ مسجد نمرہ کی اطراف کی سڑکوں پر کیا جا رہا ہے۔ جس سے تپش کی تمازت کم ہوگی اور عازمینِ حج تپتی دھوپ میں پیدل آسانی سے چل سکیں گے۔

یہ منصوبہ سعودی عرب کی روڈز جنرل اتھارٹی نے تیار کیا تھا۔ اس سفید رنگ کے خصوصی پینٹ سے درجہ حرارت میں 20 ڈگری سیلسیس کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

white paint on roads in Arafat near Nimrah mosque

روڈز جنرل اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ اس پینٹ کو خصوصی طور پر ایسے کیمیکلز سے تیار کیا گیا ہے جن میں سورج کی شعاعوں کو جذب کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد نمرہ کے آس پاس 25 ہزار مربع میٹر پر محیط سڑکوں پر پینٹ کیا گیا ہے۔ یہ وہ راستے ہیں جہاں سے حاجی میدان عرفات کی جانب جائیں گے۔

یاد رہے کہ عرفات میں ہی گزشتہ برس سفید رنگ کا یہ پینٹ سڑکوں پر پیدل چلنے کے نشانات ’’زیبر کراسنگ‘‘ پر تجرباتی بنیاد پر کیا گیا تھا جس کے شاندار نتائج نکلے تھے اور درجہ حرارت میں 15 ڈگری تک کمی ہوئی تھی۔