دنیا بھر میں فاسٹ فوڈ کی معروف ترین چینز میں سے ایک ”کے ایف سی“ ملائیشیا میں اپنے آؤٹ لیٹس بند کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔
کے ایف سی نے ملائیشیا میں اپنے آؤٹ لیٹس کی بندش کی وجہ مشکل معاشی حالات کو قرار دیا ہے۔
تاہم ملائیشیا کے مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس بندش کی وجہ فاسٹ فوڈ چین کے اسرائیل سے روابط کی وجہ سے کیا جانے والا بائیکاٹ ہے۔
خیال رہے کہ ملائیشیا کی 63.5 فیصد آبادی مسلمان ہے اور یہ ملک فلسطینیوں کا سخت حامی ہے۔
غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی کے سبب دنیا بھر میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد ان مغربی برانڈز کا بائیکاٹ کررہی ہے جن کے اسرائیل سے روابط ہیں یا وہ اس کی حمایت کرتے ہیں۔
کیو ایس آر برانڈز (ایم) ہولڈنگز بی ایچ ڈی نامی کمپنی جو ملائیشیا میں کے ایف سی اور پیزا ہٹ فرنچائزز چلاتی ہے، اس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس نے عارضی طور پر کے ایف سی آؤٹ لیٹس کو مشکل معاشی حالات کی وجہ سے بند کر دیا ہے۔
بیان میں کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ اس کے کتنے اسٹورز متاثر ہوئے ہیں، لیکن مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ 100 سے زیادہ آؤٹ لیٹس عارضی طور پر بند کردیے گئے ہیں۔
کیو ایس آر برانڈز نے کہا کہ متاثرہ اسٹورز کے ملازمین کو ان علاقوں میں آؤٹ لیٹس پر منتقل ہونے کا موقع فراہم کیا گیا جہاں سیلز زیادہ ہے۔