بھارتی پولیس نے 50 سالہ خاتون پر قاتلانہ حملے اور 19 سالہ لڑکی سے زیادتی کے الزام میں باپ کو دو بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے لڑکوں کے باپ نے خاتون پر قتل کی نیت سے حملہ کیا تاہم خوش قسمتی سے خاتون بچ گئی، متاثرہ خاتون نے گرفتار تین ملزمان میں شامل دو بیٹوں پر اپنی 19سالہ گونگی بہری بیٹی سے زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان، متاثرہ لڑکی اور خاتون کا تعلق ایک ہی گاؤں سے ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ واقعہ زمین کے تنازع کا ہے، 13 مارچ کو خاتون اور اس کی گونگی بہری بیٹی گھر میں سورہے تھے اور خاتون کی بڑی بیٹی گھر کو باہر سے تالا لگا کر شادی کی تقریب میں گئی ہوئی تھی، لڑکوں نے مبینہ طور پر تالہ توڑا اور خاتون سے کہا کہ وہ اپنی بڑی بیٹی کو بلائے کیونکہ وہ شادی میں فحاشی کرتے ہوئے پائی گئی ہے، اس کے بعد لڑکے گونگی بہری لڑکی کو گھسیٹتے ہوئے اسکول کی عمارت میں لے گئے اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی ماں کھیت میں کام کر رہی تھی جب اس پر ملزم لڑکوں کےباپ نے حملہ کردیا تاہم خاتون آبزرویشن ہوم میں ہیں۔