310

کابل میں غیر ملکی قافلے پر خودکش حملہ

کابل۔افغان دارالحکومت کابل میں غیر ملکی قافلے پر خودکش حملے میں ایک شخص ہلاک اور 4دیگر زخمی ہوگئے ۔جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے ڈپٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں غیر ملکی کانوائے کو نشانے بنانے کی کوشش کی گئی ہے جو کہ کابل کے قبیل بائی ایریا سے گزر رہا تھا۔ڈپٹی ترجمان نے دھماکے میں چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوری طور پر زخمیوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

علاقے کے پولیس ترجمان بسم اللہ تابان کے مطابق دھماکہ خودکش تھا، مگر حملے میں کس کو ٹارگٹ کیا گیا، فوری طور پر اس کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہے۔واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ آس پاس گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی تاہم خدشہ ہے کہ حملہ دہشت گرد تنظیم طالبان یا داعش کی کارروائی ہے۔