امریکی ریاست فلوریڈا میں 14 سال سےکم عمربچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 14 سال سے کم عمربچوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹ بنانے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 14 سال سےکم عمربچوں کے موجودہ اکاؤنٹس کو حذف کرنا ہوگا۔
ریاست فلوریڈا کےگورنر رون ڈی سانٹس نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پرپابندیوں کے قانون پر دستخط کردیے۔ پابندی کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔
امریکی میڈیا کے مطابق حفاظتی خدشات کے پیش نظر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے خلاف پابندی لگائی گئی ہے۔کیلی فورنیا، کنساس اور دیگر کئی امریکی ریاستوں میں بھی بچوں کےسوشل میڈیا استعمال کی حدیں مقرر کی گئی ہیں۔
بچوں میں ڈپریشن اور خودکشی کے رجحان میں اضافےکی وجہ سے امریکی ریاستوں میں یہ اقدام کیےگئے ہیں جب کہ میٹا اور ٹک ٹاک سمیت سوشل میڈیا کمپنیوں کے اتحاد نے امریکی ریاستوں کے اقدام کوعدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔
سوشل میڈیاکمپنیوں کا مؤقف ہے کہ پابندی بچوں کے آزادی اظہار کے حق کی پہلی ترمیم کی خلاف ورزی کرتی ہے۔