واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ زبان دراز شخص بہت بوڑھا ہےاور ذہنی طور پر امریکا کا صدر بننے کی بالکل بھی اہلیت نہیں رکھتا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں جاری صدارتی الیکشن کی مہم کے دوران دونوں سابق صدور اس بار بھی آمنے سامنے ہیں اور ایک دوسرے پر طنز کے تیر برسا رہے ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 77 سال کا ہونے پر طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک امیدوار ذہنی طور پر صدر بننے کے لیے نااہل ہے۔
اس موقع پر جوبائیڈن نے کہا کہ دوسرا عمر رسیدہ امیدوار میں ہوں لیکن میں مکمل طور پر فٹ اور صدارت کے منصب کو سنبھالنے کے لیے اپنے طویل تجربے اور مشاہدے کے باعث سب سے موزوں امیدوار ہوں۔
خیال رہے کہ صدر جوبائیڈن کو انتخابی مہم کے دوران سب سے زیادہ اپنی عمر کے بارے میں تنقید کا سامنا ہے جس کے جواب میں وہ اپنے سیاسی اور حکومتی تجربے کی پختگی بتاتے ہیں۔
جوبائیڈن خود پر عمر رسیدہ ہونے کی تنقید پر 77 سالہ ٹرمپ کی عمر کی جانب بھی توجہ دلاتے ہیں، ساتھ ہی ٹرمپ کی بد زبانی اور سابق دور کی خامیوں کا تذکرہ کرنا نہیں بھولتے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ ملک کا نیا صدر کون بنے گا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ مقدمات اور اپنی تمام تر منفی الزامات کے باوجود جوبائیڈن کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔