36

مسجد کے باہر خاتون کے بھیس میں بھیک مانگنے والا شخص گرفتار

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسجد کے باہر خاتون کے بھیس میں بھیک مانگنے والے شہری کو گرفتار کرلیا۔

الامارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن کی جانب سے یہ کارروائی شہری کی اطلاع پر کی گئی۔ بھیک مانگنے والے عرب شہری نے شناخت ظاہر نہ ہونے کیلئے عبایا اور نقاب پہن رکھا تھا۔

ڈائریکٹر کریمنل انویسٹی گیشن ڈیاپرٹمنٹ بریگیڈیئر جنرل علی سالم الشامسی کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے بعد تفتیش کرنے پر مذکورہ شخص نے جواز پیش کیا کہ بھکاری خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہمدردی حاصل کرتی ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل علی سالم الشامسی کے مطابق خاتون بن کر بھیک مانگنے والے شخص نے پہلے بھاگنے کی کوشش کی تھی، پولیس اس سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

اُن کا شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسے افراد سے محتاط رہیں جو ماہ رمضان میں لوگوں کی ہمدردی کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ بھکاریوں کو رقم نہ دینے کے بجائے صرف جائز ذرائع سے عطیات دیں۔