48

اردن میں دورانِ پرواز طیارے میں بچی کی پیدائش

عمان: اردن سے برطانیہ جانے والی پرواز میں خاتون مسافر نے ایک بچی کو جنم دیدیا جس کا نام فضا میں پیدا ہونے کے باعث سما رکھا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ’ویز ایئر‘ کے طیارے نے اردن کے دارالحکومت عمان سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے لیے پرواز بھری تھی اور دو گھنٹے بعد دوران پرواز خاتون مسافر کی طبیعت بگڑ گئی۔

خاتون کو زچگی کا شدید درد ہونے لگا جس پر طیارے کے عملے نے اعلان کرایا کہ کوئی ڈاکٹر مسافر موجود ہیں تو ہماری مدد کریں۔ خوش قسمتی سے طیارے میں ایک ڈاکٹر موجود تھا جس نے عملے کی مدد سے بچی کی پیدائش کرا دی۔


طیارے کو سفر کے دوران سب سے قریبی جنوبی اٹلی کے برنڈیسی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی جہاں زچہ اور بچہ کو ضروری طبی امداد دی گئی۔ بعد ازاں  کئی گھنٹوں کی تاخیر سے پرواز پھر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئی۔

اردنی خاتون نے فضا میں بچی کے پیدا ہونے پر اس کا نام سما یعنی آسمان رکھا۔ اس موقعے پر خاتون کی معاونت کے لیے ایک عربی ترجمان کی خدمات بھی لی گئی۔