بھارتی نارکوٹکس کنٹرول نے 2 ہزار کروڑ کی منشیات اسمگلنگ کے الزام میں فلم پروڈیوسر کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 ہزار کروڑ کی مبینہ منشیات اسمگلنگ میں فلم پروڈیوسر جعفر صادق کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
بھارتی این سی بی کا بتانا ہےکہ ملزم جعفر صادق نے ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے لیے کام کیا اور 4 فلمیں بنائی ہیں، این سی بی کو گزشتہ 4 ماہ سے ملزم کی تلاش تھی۔
این سی بی کے مطابق ملزم بھارت سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منشیات اسمگلنگ کی کارروائیوں میں ملوث ہے جس نے اب تک بھارت سے ان دونوں ممالک میں 2 ہزار کروڑ کی منشیات اسمگل کی ہے۔
این سی بی نے بتایا کہ ملزم نے 45 مرتبہ 3500 کلو ایفی ڈرین بیرون ملک بھیجی، ملزم کی گرفتاری چنئی میں دو ٹرین مسافروں سے 180 کروڑ روپے کی منشیات برآمد ہونے کے بعد عمل میں آئی، ملزمان نے یہ منشیات سری لنکا اسمگل کرنا تھی۔
این سی بی کے مطابق چنئی میں جن ٹرین کے دو مسافروں سے 36 کلو منشیات برآمد کی گئی وہ دونوں میاں بیوی ہیں جب کہ برآمد کی جانے والی منشیات میں آئس بھی شامل ہے۔