واشنگٹن: 92 سالہ میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک نے اپنی چھٹی منگنی مائیکیولر بائیولوجسٹ 67 سالہ ایلینا زوکووا سے کرلی جب کہ وہ 4 شادیاں بھی کر چکے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک اور ایلینا زوکووا کی شادی رواں برس جون میں کیلی فورنیا کے موراگا وائن یارڈ اور اسٹیٹ میں ہوگی جس کے لیے دعوت نامے بھی تقسیم ہوگئے۔
میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک اس سے قبل آسٹریلوی فلائٹ اٹینڈنٹ پیٹریشیا بکر، اسکاٹش نژاد صحافی اینا مان، چینی نژاد ڈینگ اور امریکی اداکارہ جیری ہال سے شادی کرچکے ہیں۔
میڈیا ٹائیکون کی نئی شریک حیات روسی نژاد ایلینا زوکووا کی پہلی شادی ارب پتی الیگزینڈر ژوکوف سے ہوئی تھی اور ان کی ایک صاحبزادی بھی ہیں۔
ایلینا زوکووا کی میڈیا ٹائیکون سے ملاقات روپرٹ مرڈوک کی تیسری بیوی کے یہاں ایک تقریب میں ہوئی تھی۔
روپرٹ مرڈوک کی گزشتہ برس اپریل میں ہی سابق پولیس اہلکار چیپلین این لیسلی اسمتھ سے منگنی اچانک ختم ہو گئی تھی۔ یہ ان کی پانچویں منگنی تھی۔ این الیسلی کی منگنی سے قبل ان کی چوتھی بیوی اداکارہ جیری ہال سے طلاق ہوگئی تھی۔
روپرٹ مرڈوک نے 1950 کی دہائی میں آسٹریلیا میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 1969 میں برطانیہ میں نیوز آف دی ورلڈ اور دی سن اخبار خریدے۔ بعد ازاں نیویارک پوسٹ اور وال اسٹریٹ جرنیل سمیت متعدد امریکی اشاعتیں خریدیں۔
میڈیا ٹائیکون کی کامیابی کا سفر جاری رہا اور 1996 میں انھوں نے فاکس نیوز کا آغاز کیا جو اس وقت امریکا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا نیوز چینل ہے۔ اسی طرح 2013 میں نیوز کارپ کی بنیاد رکھی۔
ایک کامیاب بزنس مین اور میڈیا ٹائیکون ہونے کے باوجود روپرٹ مرڈوک کی زندگی تنازعات سے بھرپور رہی ہے۔ بدنام زمانہ یوکے فون ہیکنگ اسکینڈل ان میں سے ایک ہے۔
گزشتہ برس ستمبر میں روپرٹ مرڈوک نے تمام اداروں کے اہم عہدوں سے مستعفی ہونے اور اپنے بیٹے لچلان کو ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان کیا تھا۔