واشنگٹن: نوماڈ کیپیٹلسٹ کی طاقتور ترین پاسپورٹس کی سالانہ فہرست میں اس سال سوئٹزر لینڈ پہلے نمبر پر براجمان ہے جو گزشتہ برس اس منصب سے ایک نمبر پیچھے تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ نے پاسپورٹ رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بناتے ہوئے دوسرے سے پہلے نمبر پر آگیا جس کے پاسپورٹ پر 176 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کیا جا سکتا ہے۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر آئرلینڈ ہے جس کے پاسپورٹ پر 175 ممالک میں ویزے کے بغیر جایا جا سکتا ہے۔ تیسرے نمبر پر پرتگال جب کہ چوتھے نمبر پر لگسمبرگ اور فن لینڈ ہیں۔
متحدہ عرب امارات جو گزشتہ برس نوماڈ کیپیٹلسٹ کی طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پہلے نمبر پر تھا اس سال چھٹے نمبر پر ہے۔
اس فہرست میں 199 ممالک شامل ہیں جن میں پاکستان کا نمبر 195 ہے یعنی کمزور ترین پاسپورٹس میں پانچویں نمبر پر۔ پاکستانی پاسپورٹ پر 46 ممالک میں ویزے کے بغیر جایا جا سکتا ہے۔
کمزور ترین پاسپورٹ میں پاکستان سے نیچے صرف 4 ممالک اریٹیریا، یمن، عراق اور افغانستان ہیں۔
خیال رہے کہ نوماڈ کیپیٹلسٹ کی طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست کو ویزا فری سروس ، ٹیکس، دہری شہریت، نجی آزادی اور دنیا میں مذکاورہ ملک کے بارے میں لوگوں ی رائے کے ذریعے درجہ بندی کرکے مرتب کیا جاتا ہے۔
نوماڈ کیپیٹلسٹ کی طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں بھارت کا نمبر 147 واں ہے جب کہ چین 120، سری لنکا 171 اور بنگلا دیش 182 ویں نمبر پر ہیں۔