67

مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار سردار ایاز صادق تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے، جس کے بعد انہوں نے عہدے کا حلف اٹھالیا، دوران اجلاس قومی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی جاری رہی، سنی اتحاد کونسل کے ارکان ایوانِ میں جوتے لہراتے رہے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے اجلاس راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔

اجلاس میں ارکان نے حروف تہجی کے اعتبار سے اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ خفیہ رائے شماری کے تحت پہلا ووٹ رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحٰق نے کاسٹ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد اراکین قومی اسمبلی ایاز صادق کو مبارکباد دینے لگے۔

راجا پرویز اشرف نے پولنگ کے بعد ووٹنگ کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد بتایا کہ سردار ایاز صادق 199 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہوگئے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک محمد عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔

 

اسپیکرراجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کل 291 ووٹ کاسٹ کیے گئے جبکہ ایک ووٹ مستردکیا گیا۔

اسپیکر منتخب ہونے کے بعد ایاز صادق ملک عامر ڈوگر کی نشست پر گئے، ان کے ساتھ مصافحہ کیا اور گلے ملے۔

ایاز صادق نے بیرسٹر گوہر، حامد رضا اور عمر ایوب خان سے بھی مصافحہ کیا جبکہ یوسف رضا گیلانی نے پرجوش طریقے سے گلے لگاکر ایازصادق کو مبارکباد دی۔

سردار ایاز صادق قومی اسمبلی کے 23 ویں اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔

ایاز صادق نے حلف اٹھالیا

بعدازاں سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

حلف کے بعد راجہ پرویز اشرف نئے اسپیکر سردار ایاز صادق کو نشست سونپ کر روانہ ہوگئے، سردار ایاز صادق نے بطور اسپیکر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل جاری

اسپیکر کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے انتخاب کا عمل جاری، ایاز صادق ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرارہے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ اور پی ٹی آئی سے تعلق تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار جنید اکبر کے درمیان مقابلہ ہے۔

لیگی رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ نے رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ووٹ بیلٹ باکس میں ڈالنے سے پہلے شو کردیا۔

طارق بشیر چیمہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنا بیلٹ پیپر کھول کر شو کردیا، ایاز صادق طارق بشیر چیمہ کو بیلٹ پیپر شو کرنے سے منع کرتے رہے۔

راجہ پرویز اشرف کا الوداعی خطاب

راجہ پرویز اشرف کا بطور اسپیکر ایوان سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ہرعمل ملک و ملت کے مفاد میں ہونا چاہیئے، قومی اسمبلی کے تمام سیکریٹریٹ کا شکرگزار ہوں، بطور اسپیکر اپنے فرائض احسن طریقے سے ادا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔

راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ عوام کی طاقت کا سرچشمہ ایوان ہے، ملک کو درپیش مسائل کا حل باہمی مشاورت سے تلاش کریں، ایاز صادق کا انتخاب ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر ایوان کا اعتماد ہے۔

سردار ایاز صادق

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ تیسری دفعہ اس منصب کے لیے نامز کرنے پر نوازشرف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شہباز شریف، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا بھی شکریہ، ایم کیوایم، مسلم لیگ ق اور آئی پی پی رہنماؤں کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ووٹز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے منتخب کیا، عامر ڈوگر صاحب کا بھی شکریہ، جوجمہوری عمل کا حصہ بنے، کوشش کروں گا حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ساتھ لے کرچلوں۔

نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ اختلافات اپنی جگہ لیکن تعلق اور اخلاقی رشتے ہمیشہ قائم رہیں گے، ایوان کو بہتر طریقے سے چلانے کی کوشش کروں گا، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اسے ذاتیات بنانے سے گریز کریں، اسپیکر آفس کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔

عامر ڈوگر

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوارعامر ڈوگر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق صاحب کو اسپیکر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہماری مخصوص نشستیں تاحال خالی ہیں۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ فارم 45 کے تحت نتیجہ آتا تو میرے 225 ووٹ ہوتے، میں سنگل پارٹی ہوں اور آپ 7 پارٹیاں ہیں، ہمارے ووٹرز نے مختلف انتخابی نشانوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر مہر لگائی، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، قومی اسمبلی کی 80 سیٹیں چھینی گئیں، ہمیں 94 سیٹوں کا نتیجہ دیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک لوٹا بن گیا دو کے نوٹیفکیشن روکے گئے، ہم نے مخصوص نشستوں کے بغیر یہ الیکشن لڑا، یہ الیکشن نہیں اوکشن تھا، سیٹوں کی بولیاں لگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹ ڈالنے والوں کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا گیا، یہ الیکشن نہیں سلیکشن تھی جو نیلامی کے ذریعے کی گئی، کل تعارفی سیشن تھا میرے لوگوں کے چہرے اترے ہوئے تھے، کہتے ہیں کہ طاقت کاسرچشمہ عوام ہیں،یہ سب کتابی باتیں ہیں، ہماری مخصوص نشستیں ہمیں دلائی جائیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے مسلم لیگ ن کے سردار ایازصادق اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوارعامر ڈوگر کے درمیان مقابلہ تھا۔

محمود اچکزئی

محمود اچکزئی نے قومی اسمبلی کے ایوان سے اظہار خیال کرتے ہوئے آج نئی پارلیمنٹ بننے جارہی ہیں، کچھ لوگ 22 کروڑعوام کی پارلیمنٹ کو بکرا منڈی بنانا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے نمائندے عوام کی طاقت سے پارلیمنٹ میں آگئے ہیں۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ نوازشریف کا نعرہ تھا ووٹ کوعزت دو، پاکستان کی سیاست یہ ہے کہ جو بکتا ہے وہ وفادار، جو نہ بکے وہ غدار، جو ہمارے ملک کے آئین کو مانتا ہے اسے ہم سلوٹ کریں گے، پی ٹی آئی کے ووٹ کو بدلنا عوام سے غداری ہے، جب عمران خان نے پارٹی بنائی توآپ بھی اس میں شامل تھے۔