111

امریکا کا غزہ کیلیے 53 ملین ڈالر کی امدادی رقم کا اعلان

 واشنگٹن: امریکا نے غزہ میں امدادی اشیا کی محفوظ ترسیل کے لیے 53 ملین ڈالر کی خطیر رقم کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ادارے ‘یو ایس ایڈ ‘یہ امداد عالمی پروگرام برائے خوراک اور دوسرے غیر حکومتی اداروں کے توسط سے جنگ زدہ علاقے میں جان جوکھوں میں ڈال کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف کارکنان کی حفاظت میں استعمال ہوگی۔

امریکی ادارے ’’یو ایس ایڈ‘‘ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے کہا غزہ میں گولہ باری اور گولیوں سے بچتے ہوئے امداد کو ضرورت مندوں تک پہنچانے والے امدادی کارکنان کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سمانتھا پاور نے مزید کہا کہ  اس امدادی رقم سے ایسے ہی امدادی کارکنان کے تحفظ کا بندو بست کیا جائے گا۔

امریکا کی اس امدادی رقم کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے حماس کی مدد کرنے کا الزام عائد کرکے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے ’اونرا‘‘ پر پابندی عائد کردی ہے۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد سے اب تک امریکا نے فلسطینیوں کے لیے مجموعی طور پر 180 ملین ڈالر کی امدادی رقم بھیجی ہے۔