51

خوبصورت مسکراہٹ کیلیے سرجری کروانے کے دوران دلہا ہلاک

تلنگانہ: بھارت میں 28 سالہ لکشمی نارائن اپنی شادی سے ایک ماہ قبل خوبصورت مسکراہٹ کے لیے ڈینٹل کلینک میں سرجری کروانے کے دوران ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کے علاقے میں واقع ایف ایم ایس انٹرنیشنل ڈینٹل کلینک میں پیش آیا جہاں لکشمی نارائن ‘مسکراہٹ کو خوبصورت بنانے کے لیے آیا تھا۔

خوبصورت مسکراہٹ کے لیے لکشمی نارائن کو ڈینٹل کلینک میں دانتوں کی گھسائی، دانتوں کا رنگ مکمل سفید کرنے اور دانتوں کے درمیان خلا کو بھرنے کے عمل سے گزرنا تھا۔

یہ ایک طویل عمل تھا جس کے دوران نامعلوم وجوہات کی بنا پر لکشمی نارائن کی موت واقع ہوگئی۔ ان کے والد نے الزام لگایا ہے کہ بیٹے کی موت سرجری کے لیے بے ہوشی کی زیادہ مقدار لگانے سے ہوئی۔

لکشمی نارائن کے والد رامولو ونجام نے بتایا کہ سرجری کے دوران بیٹے کے بیہوش ہونے کے بعد عملے نے ہمیں کال کی اور کلینک آنے کو کہا۔ ہم بیٹے کو قریبی اسپتال لے کر گئے جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

والد نے بتایا کہ بیٹے کی گزشتہ ہفتے منگنی ہوئی تھی اور آئندہ ماہ شادی طے تھی۔ اہل خانہ کی شکایت پر ڈینٹل کلینک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔