سانتیاگو: چلی میں ویلڈنگ کی دکان والے کی زرا سی لاپرواہی سے جنگلات میں لگنے والی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس میں اب تک 51 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی امریکی ملک چلی کے ساحلی شہروں وینا دیل مار اور والپاریسو کے کئی ایکڑوں پر محیط جنگلات میں 92 مقامات پر خوفناک آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
جس نے جنگلات کے قریب واقع کئی گھروں اور گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ درجنوں گاڑیاں اور 1100 مکانات جل گئے۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔
خوفناک آتشزدگی میں دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں ایکڑ کے جنگلات راکھ کا ڈھیر بن گئے۔امدادی کاموں کے دوران اب تک 51 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ 2 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
ریسکیو ادارے کے ترجمان کے مطابق 100 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے جب کہ چلی کے صدر پہلے ہنگامی صورتحال کا اعلان کر چکے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آگ، مبینہ طور پر ویلڈر کی دکان سے چنگاریوں کے گھاس پھوس میں گرنے سے لگی تھی۔