36

حکومت بنے گی اور نواز شریف ہمارے لیڈر ہوں گے، جہانگیر ترین

استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے چیئرمین جہانگیر ترین خان کا کہنا ہے کہ حکومت بنے گی اور نواز شریف ہمارے لیڈر ہوں گے، میں نواز شریف کے ساتھ کام کروں گا۔

ملتان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ کوشش ہو گی مل کر معیشت کو چمکائیں، جو نوکری کر رہا ہے اس کی تنخواہیں بڑھیں گی، دعا کے بغیر کچھ نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہوگی امید رکھنے والوں کی امید پر پورا اتروں، مجھے جو اللّٰہ نے دیا اس سے لوگوں کے حالات بہتر کر رہا ہوں، شیر ہو یا عقاب ہم سب کو مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔

آئی پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتر ہوگی تو تمام لوگ ترقی کریں گے، اللّٰہ ہمیں کامیاب کرے، 8 تاریخ کے بعد معیشت کو چمکائیں گے، لاکھوں کی تعداد میں نوکریاں پیدا ہوں گی، نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا مستقل طور پر ملتان میں ہوتا ہے، یہ میرا آبائی گھر ہے لیکن آیا یہاں دیر سے ہوں، اللّٰہ نے مجھے موقع دیا کہ اپنے آبائی گھر کی خدمت کروں۔