31

پی کے 91 کوہاٹ اور این اے 8 باجوڑ میں الیکشن ملتوی

پی کے 91 کوہاٹ میں امیدوار کے انتقال اور این اے 8 باجوڑ میں امیدوار کے قتل کے باعث انتخابات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔

آراوکا کہنا ہے کہ پی کے91 سے عصمت اللہ خٹک 30 جنوری کو انتقال کرگئے تھے ،عرفان اللہ نے انتخابات ملتوی ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 8 باجوڑ میں امیدوار کے قتل پر الیکشن ملتوی کرتے ہوئےآئی جی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے فوری رپورٹ بھی طلب کر لی ہے ۔

دوسری جانب  الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی کمی کی صورت میں کچھ حلقوں میں انتخابات موخر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

الیکشن کمیشن میں بیلٹ پیپر کی دوبارہ چھپائی کے حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن حلقوں میں بیلٹ پیپر کی دوبارہ چھپائی کرانا پڑ رہی ہے، وہاں پر چھپائی دیگر حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی تاہم اس کا دارومدار خصوصی سکیورٹی کاغذ اور وقت کی دستیابی کے ساتھ پرنٹنگ پریسوں کی استعاعت پر منحصر ہو گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اگر خصوصی سکیورٹی کاغذ مطلوبہ مقدار میں دستیاب نہ ہوا تو کمیشن کے پاس ان حلقوں میں انتخابات موخر کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں رہے گا۔

اجلاس میں اس امر پر غور کیا گیا کہ کہ ایسے وقت کہ جب انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی طباعت مکمل کی جا رہی ہے ، کچھ حلقوں میں دوبارہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرانا پڑ رہی ہے جس کے لیے اس مرحلہ پر درکار خصوصی سکیورٹی کاغذ کی دستیابی اور بروقت چھپائی کی تکمیل ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ جہاں 2018 کے عام انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی طباعت کیلئے 800 ٹن خصوصی سکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا، وہاں 2024ء میں 2400 ٹن خصوصی سیکیورٹی کاغذ کی ضرورت پڑی تاہم کمیشن نے صورتحال کی سنگینی کے باعث بیلٹ پیپر کے سائز کو کم کرنے کا فیصلہ کیا جس سے سکیورٹی کاغذ کی ضرورت 2170 ٹن رہ گئی تاہم یہ تعداد محض ایک دفعہ بیلٹ پیپر کی چھپائی کیلئے بمشکل کافی ہے۔