52

بینکنگ فراڈ: صدر کی دو صارفین کو 19 لاکھ اور 7لاکھ روپے ادا کرنیکی ہدایت

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینک فراڈ سے متاثرہ 2 صارفین کو 19 لاکھ 98ہزار500 اور 7 لاکھ 44 ہزار روپے ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں صدر مملکت نے مسترد کر دی ہیں۔ صدر نے کہا کہ بینکنگ فراڈ میں ملوث افراد کی بلیک لسٹگ کے لیے بینکنگ محتسب معاملہ اسٹیٹ بینک کے سامنے اٹھائے اور بینکنگ فراڈ پر ضروری ایس او پیز جاری کیے جائیں، فراڈ کرنے والے افراد کو بینکنگ/مالی سہولیات نہ دی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ بینک کے صارف قیصر محمود کو بینک کی ہیلپ لائن سے مشابہ نمبر سے کال موصول ہوئی اور کالر نے قیصر محمود کو اپنی معطل شدہ ڈیجیٹل بینکنگ ایپ فعال کرنے کا کہا، شہری کے ایپ فعال کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے منتقل کر دیے گئے۔

اسی طرح، بریگیڈیئر (ر) محمد عارف شیخ سے جعلسازوں نے کال کر کے اکاؤنٹ کی تکنیکی خامیاں دور کرنے کے بہانے بینکنگ تفصیلات مانگی جس پر صارف کے اکاؤنٹ سے 19 ٹرانزیکشنز کے ذریعے 9 لاکھ 94ہزار روپے کی رقم نکالی گئی۔

شہریوں نے اپنے متعلقہ بینکوں سے رقم واپس کرنے کو کہا لیکن ریلیف نہ مل سکا، شہریوں نے ریلیف حاصل کرنے کے لیے بینکنگ محتسب سے رابطہ کیا جس پر محتسب نے بینکوں کو ہدایت کی کہ صارفین کو کھوئی ہوئی رقوم واپس کریں۔ بعد ازاں، بینکوں نے صدر مملکت کے سامنے محتسب کے فیصلوں کے خلاف علیحدہ علیحدہ اپیلیں دائر کیں۔

صدر مملکت نے مقدمات کی ذاتی سماعت، فریقین کو سننے اور دستیاب ریکارڈ دیکھنے کے بعد فیصلہ شکایت کنندگان کے حق میں کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں نے جعلی ٹرانزیکشنز کا پتہ لگانے کے لیے نگرانی کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل نہیں کی، لگاتار اور متعدد لین دین کیے گئے لیکن سسٹم الرٹ نہیں ہوا اور رقم کو سسٹم سے گزرنے دیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بینک ادائیگی کے نظام اور الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفرز ایکٹ 2007 کے سیکشن 41 کے مطابق لین دین کی قانونی حیثیت قائم کرنے میں بھی ناکام رہے، دونوں بینک اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل کا کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے، بینکوں کی بدانتظامی ثابت ہوئی لہٰذا بینک شکایت کنندگان کا مالی نقصان پورا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

صدر نے کہا کہ یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح کو قیصر محمود اور بریگیڈیئر (ر) عارف شیخ کو بالترتیب 1,998,500 اور 744,000 روپے ادا کریں۔