تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ امریکا غزہ میں اسرائیل کے جرائم کی حمایت جاری رکھتے ہوئے کسی سے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ امیرعبد اللہیان نے جنیوا میں ہونے والی انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں مطالبہ کیا کہ عالمی قوتیں غزہ جنگ کا سفارتی حل نکالیں۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے امریکا کو مشورہ دیا کہ اسرائیل کے زوال پذیر وزیراعظم کے جنگی جرائم کی حمایت کرکے اپنی سلامتی اور قومی مفادات کو نقصان نہ پہنچائے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ یمن کے حوثی رہنماؤں نے ہمیں بتایا کہ جب تک فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رہے گی، وہ نہ صرف اسرائیلی اور امریکی جہازوں بلکہ اسرائیل جانے والے تمام جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مزید کہا کہ اگر امریکا غزہ میں اسرائیل کی حمایت بند نہیں کرتا تو بحیرہ احمر میں اس کے اور اسرائیل کے تجارتی جہازوں پر حملوں کا سلسلہ بھی نہیں رکے گا۔