23

الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل لازمی دائر کریں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرکا کہنا تھا کہ سمجھتے ہیں سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام کے حقوق متاثر ہوئے، ’’بلے ‘‘کا انتخابی نشان نہ ملنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی دکھ ہوا لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان نہ ہونے پر ہارس ٹریڈنگ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، ہمارے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں لکھا ہوا ہے کہ ان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور وہ سوشل میڈیا پر اپنے نشان سے متعلق بتائیں گے، تین دن کےاندر پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹس سے اپنے امیدواروں کا بتائیں گے، امیدوار آزاد ہوں تو ہارس ٹریڈنگ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔