330

سعودی خواتین کی فوج میں بھرتی کیلئے رجسٹریشن شروع

ریاض ۔ سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کی فوج میں بھرتی کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کیلیے خواہش مند خواتین جمعرات تک انٹر نیٹ پر درخواستیں جمع کروا سکتی ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سلسلے میں جنرل ڈائریکٹریٹ آف پبلک سکیورٹی نے کہا ہے کہ فوج میں بھرتی کی خواہش مند خواتین رواں ہفتے انٹر نیٹ پر درخواستیں جمع کروا سکتی ہیں۔

جو جمعرات تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے لئے 25 سے 35 سال کی عمر کے درمیان خواہش مند خواتین سعودی شہریت کی حامل ہوں جن کی سعودی عرب میں پرورش کی گئی ہو، ان کے پاس ہائی سکول ڈپلومہ یا اس کے برابر تعلیم ہو ، اس سے قبل کسی سرکاری ادارے یا فوج میں ملازمت نہ کی ہو، میڈیکل چیک اپ اور ٹیسٹ انٹرویو میں کامیابی اور شناختی کارڈ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب خواتین کو ریاض ، مکہ المکرمہ ، مدینہ منورہ ، اسیر ، قسیم ،الباحا اور مشرقی صوبے کے اداروں میں تعینات کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران سعودی حکومت نے ہوائی اڈوں اور سرحدی چوکیوں پر بھی خواتین کی تعیناتی کی اجازت دی تھی جو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے 2030 ء کے اہداف کی اہم پیش رفت ہے۔