44

روس کی 3 کمپنیوں پر پابندیاں عائد

واشنگٹن: امریکہ نے بیلسٹک میزائل شمالی کوریا سے منتقل کرنے کے الزام پر روس کی 3 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ شمالی کوریا کے بین البراعظمی میزائل کے تجربے اور ان میزائلوں کی منتقلی میں مبینہ طور پر 3 روسی ادارے ملوث ہیں جس کی پاداش میں ان اداروں اور ایک شخص پر پابندیاں عائد کر دی گئی۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائلوں کو روس اپنے حریف یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کرنا چاہتا ہے۔ میزائل 30 دسمبر اور 2 جنوری کو روس میں نصب کیے گئے ہیں۔

امریکہ کی جانب سے روسی اداروں کے خلاف پابندیوں کا اعلان واشنگٹن اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے شمالی کوریا اور روس کے درمیان ہتھیاروں کے تبادلے پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کی فراہمی سے روس کی عسکری جارحیت کو تقویت ملے گی اور اقدام سے یوکرینی عوام کے مصائب میں اضافہ ہو گا۔ اس سے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدوں کی بھی خلاف ورزی ہو گی۔

واضح رہے کہ فروری 2022 میں یوکرین کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے روس اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات مضبوط ہوئے ہیں تاہم دونوں ممالک کی جانب سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت کے معاہدوں کی نفی کی گئی ہے۔