41

عازمین حج و عمرہ کی آسانی کیلئے مسجد الحرام کو زونز میں تقسیم کرنے کا منصوبہ

سعودی حکومت نے عازمین حج اور موتمرین کی سہولت کیلئے مسجد الحرام کو زونز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حرمین شریفین کے نظم و نسق سے متعلق جنرل نے سعودی پوسٹل اینڈ لاجسٹکس کمپنی کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت مسجد الحرام کو کوڈیڈ زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔

اس سمجھوتے کا بنیادی مقصد مسجد الحرام اور اِس سے باہر کے رقبے کو انتظامی طور پر اس طرح تقسیم کرنا ہے کہ عبادت کے لیے آنے والوں کو مطلوبہ مقام تک پہنچنے میں زیادہ سے زیادہ آسانی ہو اور وہاں کام کرنے والوں کو بھی کسی خاص مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس سمجھوتے کی تعمیل سے مسجد الحرام میں عازمین حج اور موتمرین کی خدمت پر مامور عملے کی کارکردگی کا جائزہ بھی آسانی سے لیا جاسکے گا۔

سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے بتایا کہ گزشتہ برس ایک کروڑ 35 لاکھ افراد نے عمرہ کیا۔

سعودی عرب نے حال ہی میں موتمرین کی سہولت کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ سعودی عرب کا ویزا رکھنے والے افراد اب ملک میں زمینی اور بحری راستوں سے بھی داخل ہوسکیں گے۔

سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو یہ سہولت بھی فراہم کی ہے کہ وہ عمرے کے لیے اپنے دوستوں کو بلوائیں۔ خواتین موتمرین کے لیے اب محرم کے ساتھ آنے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔