29

بلاول عوامی تحریک کے دفتر پہنچ گئے، مل کر جدوجہد کریں گے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو صرف عوام کا ساتھ چاہتی ہے، باقی جماعتیں دوسری طرف دیکھ رہی ہیں، ہماری سوچ اور نظریہ ایک ہے، مل کر جدوجہد کریں گے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کریں گے۔

لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی دفتر آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری خواہش ہے پاکستان کو جدید ریاست بنائیں، دنیا بھر میں پاکستان کا پرامن چہرہ سامنے لے کر آئیں گے، ہماری کوشش عوام کی خدمت کرنے کی ہے ناکہ اپنی ذات کے لیے، پرامن طریقے سے نفرت کی سیاست کا مقابلہ کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی صاف اور شفاف تحقیقات کی جائیں، جہاں حملہ کیا گیا تھا وہاں آج بھی گولیوں کےنشانات ہیں، ہمیں چاہیئے معاشرے میں جو نفرت پیدا کی گئی اسے ختم کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے لیے ترقی کے راستے کھولیں گے، ہماری سوچ اور نظریہ ایک ہے مل کر جدوجہد کریں گے، اب پی ٹی آئی سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے درمیان ہے، ایک دو دن کی بات ہے پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو صرف عوام کا ساتھ چاہتی ہے، باقی جماعتیں دوسری طرف دیکھ رہی ہیں، ہم عوام کو دیکھ رہے ہیں، میں عوامی معاشی معاہدے پر زور دے رہا ہوں، میں تو 2018 سے مسلسل مہم چلا رہا ہوں۔