افغان دارالحکومت کابل میں ایک ہفتے کے دوران تیسرا بم دھماکا ہوا، جس میں 2 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے میں دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران یہ افغان دارالحکومت میں تیسرا بم دھماکا ہے، اس سے قبل ہونیوالے دھماکوں میں 5 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زادران کا کہنا ہے کہ گرینیڈ کا دھماکا دشت برچی کے علاقے میں تجارتی مرکز کے باہر ہوا، اس علاقے میں ہزارہ برادری کی اکثریت ہے۔
زادران نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران اس علاقے میں یہ دوسرا خوفناک دھماکا ہے، اس سے قبل ہفتہ کو ایک بس میں نصب بم کے دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) نے قبول کی تھی۔
کابل کے مشرقی علاقے میں اس کے اگلے روز ہونیوالے دھماکے میں 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے تھے، بم منی وین کے قریب ٹھیلے میں چھپایا گیا تھا۔