65

2024 کی پہلی سہ ماہی کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری : پاکستان کون سے نمبر پر ؟

2024 کی پہلی سہ ماہی کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر سب سے نیچے موجود ہے۔

ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جنوری سے مارچ 2024 کے لیے جاری کی گئی فہرست میں بیک وقت 6 ممالک کے پاسپورٹس کو طاقتور ترین قرار دیا گیا۔

ہینلے انڈیکس کے مطابق جاپان، سنگاپور، اسپین، اٹلی، فرانس اور جرمنی کے پاسپورٹس طاقتور ترین قرار پائے۔

 

ان ممالک کے پاسپورٹس رکھنے والے افراد 194 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔

جنوبی کوریا، فن لینڈ اور سویڈن کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں جن کے حامل افراد کو 193 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔

آسٹریا، ڈنمارک، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس 192 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

بیلجیئم، لگسمبرگ، ناروے، پرتگال اور برطانیہ کے حصے میں چوتھا نمبر آیا اور ان ممالک کے پاسپورٹس سے 191 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے۔

190 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ یونان، مالٹا اور سوئٹزر لینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 5 ویں نمبر پر رہے۔دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس

پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے۔

مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں 101 واں نمبر آیا اور اس پر 34 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے۔

پاکستان سے نیچے عراق (102)، شام (103) اور افغانستان (104) رہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جنوری 2024 کے آغاز میں آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا نام سرفہرست رہا تھا۔

فہرست کے مطابق یو اے ای کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد ویزا لیے بغیر 180 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔

اس فہرست میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا 5 واں ملک قرار پایا تھا۔

فہرست کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ پر 47 ممالک میں ویزا فری سفر یا ویزا آن ارائیول کی سہولت دستیاب ہے۔