21

اسلام آباد میں مظاہرے کی قیادت کرنیوالی ماہ رنگ بلوچ کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرنے والی بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کیخلاف خیرپور میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تھانہ وڈا ماچھیوں پر سب انسپکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، بلوچ رہنماء ماہ رنگ بلوچ پر لوگوں کو ملک اور فوج کےخلاف اکسانے کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی صدارت میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے دھرنا جاری ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے گزشتہ دنوں آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا پہلا مطالبہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بلوائی جائے جو خود انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے، اور بلوچستان میں ماورائے عدالت قتل بند کئے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تحریک اب یہاں رکنے والی نہیں ہے، ہم نے پولیس سے بارہا کہا کہ ہمارا آپ سے کوئی معاملہ نہیں ہے۔ بلوچستان میں میڈیا بلیک آؤٹ ہے، ریاستی ادارے ہمارے صوبے میں قانون پر عمل نہیں کررہے۔

ماہ رنگ بلوچ نے مزید کہا تھا کہ اقوام متحدہ کا ورکنگ گروپ گزشتہ 10 سال سے پاکستانی حکومتوں کو خطوط لکھ رہا ہے، اور کہہ رہا ہے کہ ہمیں بلوچستان سے بہت سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ہمیں این او سی دیا جائے، لیکن پاکستان انہیں این او سی نہیں دے رہا۔