26

پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت سے دست برداری کا عندیہ

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض پروگرام اور مستقبل میں حکومت کی تبدیلی کی صورت میں اس پر عمل درآمد سے متعلق اپنی حمایت واپس لینے کا عندیہ دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی کے ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے تعاون کی یقین دہانی واضح طور پر صاف اور شفاف انتخابات سے مشروط تھی جو کہ اب دکھائی نہیں دیتے لہذا وہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے اپنی حمایت واپس لے رہے ہیں۔

اس ضمن میں پی ٹی آئی نے جیل میں قید اپنے بانی چیئرمین کا بیان بھی جاری کیا ہے جس میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام خطرے میں ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کو ماضی میں بھی آئی ایم ایف پروگرام متاثر کرنے کے الزامات پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، اس وقت کے پنجاب کے وزیر خزانہ محسن لغاری اور خیبر پختونخوا کے وزیرِ خزانہ تیمور جھگڑا کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آ چکی ہے جس کے مطابق مبینہ طور پر آئی ایم ایف کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔