309

طاہرہ رحمن امریکہ کی پہلی باحجاب نیوز اینکر بن گئیں

الینوائے۔امریکی ریاست الینوائے سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون طاہرہ رحمن امریکا کی پہلی باحجاب نیوز اینکر بن گئیں۔27 سالہ طاہرہ رحمن نے لویولا یونیورسٹی آف شکاگو سے صحافت کے شعبے میں اعلی تعلیم حاصل کی ہے۔طاہرہ نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا جہاں وہ نیوز پڑھا کرتی تھیں، جس کے بعد انہوں نے ٹی وی کی دنیا میں قدم رکھا۔طاہرہ رحمن 2 برس قبل امریکا کے ایک نیوز چینل سی بی ایس سے منسلک ہوئیں جہاں وہ کیمرے کے پیچھے نیوز پروڈیوسر کے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔

بعد ازاں ان کی بہترین کارکردگی کی بنا پر چینل کے مالکان نے ان کی پروموشن کرتے ہوئے انہیں ٹی وی پر حجاب میں براہ راست خبرنامہ پڑھنے کی پیشکش کی۔جس کے بعد طاہرہ نے صحت کے شعبے میں رپورٹنگ کرکے اس بات کا بھی ثبوت دے دیا کہ حجاب ان کے لیے رکاوٹ کا باعث نہیں بنا۔ طاہرہ رحمن کا کہنا ہے کہ انہیں پیشہ ورانہ زندگی کے دوران کئی لوگوں نے حجاب نہ پہننے کا مشورہ دیا جو لوگوں کے مطابق ان کی ترقی میں رکاوٹ بن سکتا تھا، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

ان کی والدہ دردانہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی ترقی سے انتہائی خوش ہیں اور یہ صرف طاہرہ کی نہیں بلکہ پوری کمیونٹی اور خواتین کی فتح ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس جینیلا میسی نامی خاتون کینیڈا کی پہلی باحجاب خاتون نیوز اینکر بنی تھیں۔