42

بھارتی ساحل کے نزدیک اسرائیلی بحری جہاز پر ڈرون حملہ

بھارتی ساحل کے نزدیک اسرائیل سے تعلق رکھنے والے ایک تجارتی جہاز پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

کیمیکلز لے جانے والے جہاز پر لائبیریا کا پرچم لہرا رہا ہے۔ یہ حملہ بحیرہ عرب میں بھارت کی مغربی ریاست گجرات کی بندر گاہ ویراول کے جنوب مغرب میں 200 کلو میٹر کے فاصلے پر کیا گیا۔

برٹش میریٹائم سیکیورٹی فرم ایمبرے نے ہفتے کو بتایا کہ ڈرون حملے سے لگنے والی آگ فوری طور پر بجھادی گئی۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم جہاز کے ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔

آگ بجھانے کے لیے پانی فوری طور پر جہاز تک پہنچایا گیا۔ یہ جہاز اسرائیل سے وابستہ ہے۔ حملے سے قبل اس جہاز کی آخری کال سعودی عرب کے لیے تھی۔ حملے کے وقت اس کی منزل بھارت ہی تھا۔

بھارتی کوسٹ گارڈ شپ آئی سی جی ایس وکرم بحیرہ عرب میں پوربندر کی بندر گاہ سے 217 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ایک مال بردار جہاز ایم وی کیم پلوٹو کی طرف بڑھ رہا تھا۔ اسی نے اطلاع دی کہ ایک جہاز میں ممکنہ طور پر ڈرون حملے سے آگ لگی ہے۔