33

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے ’’بی آئی ایس پی بچت سکیم‘‘ کا اجراء کر دیا

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  نے عالمی ترقیاتی شراکت داروں کی تکنیکی معاونت سے ’’بی آئی ایس پی بچت سکیم‘‘ کا اجراء کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یونیسیف، جی آئی زیڈ، جرمن کارپوریشن اور اعلیٰ سرکاری حکام کے معزز نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی آئی ایس پی بچت سکیم کا تعارف کرایا۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے پروگرام کے بنیادی مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی بچت سکیم کا مقصد صارفین میں مالی خودمختاری اور بچت کی عادت پیدا کرنا ہے جو انہیں معاشی غیر یقینی صورتحال کے دوران اضافی معاونت کا کام د ے گی ۔

ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ بچت سکیم کے تحت بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے گھرانے اور 40 پی ایم ٹی سکور والے افراد مستفید ہو سکیں گے۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ بی آئی ایس پی بچت سکیم مالی شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، کیونکہ اس سکیم کے تحت صارفین کے بچت اکائونٹس کھولے جائیں گے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ صارفین پر لازم ہے کہ وہ اپنی آمدنی کا ایک حصہ اپنے بچت کھاتوں میں محفوظ کریں، حکومت صارفین کی بچت کا چالیس فیصد اضافی حصہ فراہم کرےگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرد اور خواتین دونوں ہی درخواست دینے کے اہل ہیں اور اس سکیم کا ابتدائی طور پر ایک لاکھ پچاس ہزار افراد کو فائدہ پہنچانا ہے۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے تمام ترقیاتی شراکت داروں کا بی آئی ایس پی بچت سکیم کی تیاری اور آغاز میں ان کی تکنیکی اور مالی معاونت کے لیے شکریہ ادا کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ اس سکیم میں شامل ہوں۔