124

گجرات کے اسمبلی انتخابات میں 4 مسلم امیدوار کامیاب


نئی دہلی۔ بھارتی ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات میں 4 مسلم امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کرلی جبکہ گذشتہ انتخابات میں2 مسلم امیدوار منتخب ہوئے تھے،جیتنے والے تمام مسلم امیدوار کانگریس پارٹی کے رکن ہیں، اس بار انتخابات میں کانگریس پارٹی نے 6 مسلمان امیدوار کو انتخابات میں اپنا نمائندہ بنایا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات میں 4 مسلم امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کرلی۔ 

خیال رہے کہ گجرات میں مسلم آبادی 9.67 فیصد ہے۔دوسری جانب بی جے پی کے امیدواروں کی فہرست سے نہ صرف مسلمان غائب رہے بلکہ انتخابات میں مسلمانوں کے مسئلے کا کوئی ذکر بھی نہیں ہوا۔ دریاپور سے کانگریس کے امیدوار شیخ غیاث الدین نے کامیابی حاصل کی۔ انھیں مجموعی طور پر 63712 ووٹ ملے جبکہ ان کے مخالف بی جے پی کے بھرت باریٹ کو 57525 ووٹ ملے۔

وانکانیر سے کانگریس کے پیرزادہ محمد جاوید عبدالمطلب کامیاب رہے۔ انھیں 72588 ووٹ ملے جبکہ ان کے حریف بی جے پی کے جیتیندر کانتی لال کومانی کو 71227 ووٹ ملے۔ ڈاسڈا انتخابی حلقے سے سولانکی نوشاد جی بالاجی بھائی نے کامیابی حاصل کی۔ انھیں 74009 ووٹ ملے جبکہ ان کے سیاسی حریف بی جے پی کے رام لال ایشورلال کو 70281 ووٹ ملے۔ جمال پور انتخابی حلقے سے عمران یوسف بھائی کو 75346 ووٹ ملے اور انھوں نے اپنے بی جے پی کے حریف بھوشن اشوک بھٹ(46007) کو واضح فرق سے شکست دی۔

اگر گجرات میں سنہ 1990 سے اب تک منعقد ہونے والے انتخابات پر نظر ڈالی جائے تو وہاں مسلمانوں کی کم ہی تعداد اسمبلی تک پہنچی ہے۔ سنہ 1990 میں صرف دو مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی۔جبکہ سنہ 1995 میں ایک، سنہ 1998 میں پانچ، سنہ 2002 میں تین، 2007 میں پانچ اور سنہ 2012 میں دو مسلم امیدوار اسمبلی تک پہنچے تھے۔گجرات میں 21 اسمبلی حلقے ایسے ہیں جہاں مسلم آبادی 20 فیصد ہے۔ سی ایس ڈی ایس کے سروے کے مطابق 80 فیصد مسلم آبادی روایتی طور پر کانگریس کے لیے ووٹ کرتی آئی ہے۔