34

سنگین واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو افغانستان سے واپس بلایا گیا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی پالسیوں کے باعث ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے، دہشت گردوں کو ایک بار پھر پاکستان پر ملسط کیا گیا، پی ٹی آئی حکومت نے دہشت گردوں کو پناہ دی، سنگین واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو افغانستان سے واپس بلایا گیا، پارلیمان اور عوام سے پوچھے بغیر یہ فیصلہ لیا گیا، راتوں رات ایسا یو ٹرن لیا گیا جس کے اثرات پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔

اسلام آباد میں نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ بہت اچھا اقدام ہے جو سرفراز بگٹی نے لیا ہے، شہداء اور سیاستدان جو دہشت گردی کا شکار ہوئے ان کے پورٹریٹ لگائے گئے، جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان میں امن قائم ہوا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی کو ملک سے ختم کردیا گیا تھا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ان کو پاکستان واپس آنے کا موقع دیا، بدقسمتی سے دہشت گردی کو دوبارہ دعوت دینے کا فیصلہ لیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمان اور عوام سے پوچھے بغیر دہشت گردوں کو انگیج کیا گیا، دہشت گردوں کو جیلوں سے نکالا گیا، جو پاکستان میں دہشت گردی کرتے رہے چالباز نے انہیں رہا کردیا، سنگین واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو افغانستان سے واپس بلایا گیا، راتوں رات ایسا یو ٹرن لیا گیا جس کے اثرات پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔
دہشت گردوں کو معاف کرنے کا کسی کے پاس اختیار نہیں، نگراں وزیرداخلہ

اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا نظریہ آج بھی زندہ ہے، بینظیر پاکستان اور دنیا کی بڑی لیڈر تھیں ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جنگ میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وزارت داخلہ میں سویلین شہداء کے پورٹریٹ لگائے گئے، شہداء کے لواحقین کو چاروں صوبوں سے بلایا گیا، دہشت گردوں کو معاف کرنے کا کسی کے پاس اختیار نہیں۔