43

انتخابات کیلئے مسلم لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی اتفاق

 لاہور: آئندہ عام انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن اور  استحکام پاکستان پارٹی  کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی اتفاق ہوگیا۔ 

مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، پارٹی ذرائع کے  مطابق  آئندہ عام انتخابات کے لیے دونوں جماعتوں کے مابین  سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہاز شریف اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ  اور ایاز صادق بھی شریک ہوئے جبکہ آئی پی پی کی طرف سے عون چوہدری جہانگیر ترین کے ساتھ ملاقات میں شریک  تھے۔

اصولی طور پر دونوں جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق  کیا گیا تاہم سیٹ ایڈجسٹمنٹ کتنی نشستوں پر ہوگی یہ طے کرنے لیے  پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں کے مزید دور ہوں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور، ساہیوال، لودھراں، رحیم یار خان سمیت دیگر علاقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہے تاہم نشستوں کی تعداد کا تعین  اگلی ملاقاتوں میں پیپر ورک کے ساتھ کیا جائے گا۔